لکھنؤ، 22؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اوما شنکر چودھری آج پارٹی کی میٹنگ کے دوران بیمار ہو گئے، ہسپتال لے جاتے وقت راستے میں ان کا انتقال ہو گیا۔میٹنگ کی صدارت ایس پی سپریمو اکھلیش یادو کر رہے تھے۔ایس پی ترجمان راجندر چودھری نے بتایا کہ آج پارٹی کے تنظیمی معاملات پر غوروفکر کیلئے میٹنگ بلائی گئی تھی۔اناؤکے گاؤں کے رہنے والے چودھری اس اجلاس میں شامل ہونے آئے تھے۔وہ ذیابیطس بیماری میں مبتلا تھے اور میٹنگ کے دوران انہیں تکلیف محسوس ہوئی۔انہیں فوری طورپر ہسپتال لے جایاگیالیکن راستے میں ہی ان کاانتقال ہوگیا۔پارٹی کے قانون ساز کونسل ممبر سنیل سنگھ ساجن نے بتایا کہ چودھری کے انتقال کے بعد میٹنگ ملتوی کر دی گئی اور میٹنگ میں موجود تمام رہنماؤں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔بعدمیں چودھری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادوسول ہسپتال گئے۔چودھری کے انتقال پر ایس پی لیڈر شوپال یادو نے بھی غم کا اظہار کیا۔